امام مالکؒ کا تفضیل صحابہ کے متعلق موقف
﴿امام مالک کا تفضیل صحابہ کے متعلق موقف﴾
امام مالکؒ سے ہمیں تفضیل صحابہ کے متعلق مختلف اقوال ملتے ہیں اور اس میں ان سے مختلف روایات مروی ہیں اور ان روایات کے اند ر اختلاف موجود ہے۔ مثلا کسی روایت میں وہ سیدنا ابو بکرؓ اور انکے بعد سیدنا عمرؓ کو سب سے افضل قرار دیتے ہیں اور انکے بعد سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؓ کے درمیان کسی کو کسی پہ فضیلت نہیں دیتے، پھر اسی طرح کسی روایت میں وہ شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ کو فضیلت دیتے ہیں مگر انکے بعد کسی کو فضیلت نہیں دیتے پھر اسکے برعکس کسی روایت میں وہ شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ اور انکے بعد سیدنا علی المرتضیؑ کو فضیلت دیتے ہیں۔ کسی روایت میں وہ سب سے افضل سیدنا حمزہؓ کو قرار دیتے ہیں تو کسی میں سب سے افضل سیدہ فاطمہ الزہراؓ کو قراردیتے ہیں۔الغرض اس مسئلے میں تحقیق ضروری ہے کہ اگر آپ کسی کی جانب کوئی بات منسوب کررہے ہیں تو درست بات کیا ہے؟ اگر آپ اپنی نالائقی اور کوتاہی یا جہالت کی وجہ سے تحقیق نہیں کرتے تو اس میں آپ خود قصور وار ہیں اور ان وجوہات کے باعث کوئی غلط اگر منسوب کردیں گے تو وہ حقیقت نہیں بن جائے گی۔
خیر قارئین مندرجہ ذیل امام مالکؒ کے تفضیل کے متعلق مختلف اقوال کو حوالہ جات کے ساتھ ملاحظہ کیجیے:
1۔ سب سے افضل شیخین اور انکے بعد سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ میں سے ایک پہ دوسرے کی تفضیل میں توقف:
امام سحنونؒ (الموفی 240ھ) نقل کرتے ہیں:
قال: وسألت مالكا عن خير الناس بعد نبيهم؟ قال: أبو بكر. ثم قال: او في ذلك شك؟ قال ابن القاسم: فقلت لمالك: فعلي وعثمان. أيهما أفضل؟ فقال: ما أدركت أحدا ممن أقتدي به يفضل أحدهما على صاحبه - يعني عليا وعثمان - ويرى الكف عنهما
امام ابن القاسمؒ کہتے ہیں: میں نے امام مالکؒ سے پوچھا: اپنے نبی ﷺ کے بعد لوگوں میں سب سے بہتر کون ہے؟ انہوں نے کہا : سیدنا ابو بکرؓ۔ پھر انہوں نے کہا: یا پھر اس میں کوئی شک ہے؟ امام ابن القاسمؒ نے کہا: میں نے امام مالکؒ سے پوچھا: اور سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ ان دونو میں سے کون افضل ہے؟ تو انہوں نے کہا: ان لوگوں میں سے جنکی میں اقتداء کرتا ہوں کسی کو نہیں پایا کہ وہ ان دونو میں سے ایک یعنی سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کو اپنے صاحب پہ فضیلت دیتا ہو بلکہ وہ دونو کے معاملے میں رکے رہنے کی رائے رکھتے تھے۔
(المدونة: جلد 4 صفحہ 670)
اس سے معلوم ہوا کہ امام مالکؒ کے نزدیک رسول اللہ ﷺ کے بعد سب سے افضل شخصیت سیدنا ابو بکر الصدیق ؓ ہیں۔ جہاں تک سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؑ کے درمیان کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت دینے کا تعلق ہے تو امام مالکؒ کے نزدیک ان دونو میں سے کسی ایک دوسرے پہ فضیلت نہیں دی جاسکتی کیونکہ یہی اہل مدینہ کا ماننا تھا جنکی امام مالکؒ اقتداء کرتے تھے۔ البتہ یہ دونو باقی صحابہ کرامؓ سے انکے نزدیک افضل ہیں، کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ ان دونو میں توقف نہ کرتے بلکہ باقی صحابہ کا بھی اس میں ذکر کرتے۔
امام ذہبیؒ (المتوفی 748ھ) نقل کرتے ہیں کہ:
قال ابن القاسم: سألت مالكا عن علي وعثمان، فقال: ما أدركت أحدا ممن أقتدي به إلا وهو يرى الكف عنهما. قال ابن القاسم: يريد التفضيل بينهما. فقلت: فأبو بكر، وعمر؟ فقال: ليس فيهما إشكال، إنهما أفضل من غيرهما
امام ابن القاسمؒ نے کہا: میں نے امام مالکؒ سے سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا: جن کی میں اقتداء کرتا ہوں ان میں سے میں نے کسی کو نہیں پایا مگر یہکہ وہ ان دونو کے معاملے میں رکے رہنے کی رائے رکھتے تھے۔ امام ابن القاسمؒ کہتے ہیں: انکی مراد ان دونو کے درمیان تفضیل سے تھی۔ چناچہ میں نے کہا: اور سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ؟ تو انہوں نے کہا: ان دونو کے بارے میں کوئی اشکال نہیں، بلاشبہ وہ دونو دوسروں سے افضل ہیں۔
(سير أعلام النبلاء - ط الرسالة: جلد 8 صفحہ 106)
امام قاضی عیاضؒ (المتوفی 544ھ) لکھتے ہیں کہ:
قال عبد الرحمان بن القاسم عنه ما أدركت أحدا إلا وهو يرى الكف بين عثمان وعلي ولا شك في أبي بكر وعمر أنهما أفضل من غيرهما. زاد ابن وهب عنه وعلى هذا مضى الناس
امام عبد الرحمن بن قاسمؒ نے ان سے روایت ہوئے کہا: میں نے کسی شخص کو نہیں پایا مگر یہ کہ وہ سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؑ کے درمیان توقف کی رائے رکھتے تھے، اور سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ کے متعلق کوئی شک نہیں کہ وہ دونو دوسروں سے افضل ہیں۔ امام ابن وہبؒ نے ان سے روایت ہوئے اضافہ کیا: اور لوگوں کا عمل اسی پہ جاری رہا۔
(ترتيب المدارك وتقريب المسالك: جلد 2 صفحہ 45)
اسی طرح امام ابن حجر عسقلانیؒ (المتوفی 852ھ) کہتے ہیں:
وقيل لا يفضل أحدهما على الآخر قاله مالك في المدونة
اور کہا گیا کہ ان دونو میں کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت نہ دی جائے، یہ امام مالکؒ نے المدونہ میں کہا ہے۔
(فتح الباري لابن حجر: جلد 7 صفحہ 16)
2۔ سب سے افضل شیخین اور انکے بعد سیدنا عثمانؓ کو افضل قرار دینا اور پھر توقف کرنا:
امام ابو بکر احمد بن محمد الخلالؒ (المتوفی 311ھ) روایت کرتے ہیں:
أخبرني علي بن الحسن بن هارون، قال: قرأت على محمد بن موسى قال: حدثني ابن جميل المضرب، قال: حدثني أبو بكر الأندلسي كهلا قد كتب وكتب عنه، قال: سمعت أبا حفص حرملة بن يحيى التجيبي قال: سمعت عبد الله بن وهب يقول: سألت مالك بن أنس: " من أفضل الناس بعد رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ قال: أبو بكر وعمر، قلت: ثم من؟ قال: أمسك، قلت: يا أبا عبد الله، إنك إمام أقتدي بك في ديني، قال: أبو بكر وعمر، ثم عثمان "
مجھے علی بن الحسن بن ہارون نے خبر دی، کہا: میں نے محمد بن موسی پہ پڑھا، انہوں نے کہا: مجھے ابن جمیل المضرب نے بیان کیا، انہوں نے کہا: مجھے ابو بکر الاندلسی نے بیان کیا جب وہ ادھیڑ عمر کے تھے، وہ لکھتے تھے اور ان سے بھی لکھا جاتا تھا، انہوں نے کہا: میں نے ابو حفص حرملہ بن یحیی التجیبی سے سنا، انہوں نے کہا: میں نے عبد اللہ بن وہب کو یہ کہتے ہوئے سنا:
میں نے امام مالکؒ بن انس سے سوال کیا: رسول اللہ ﷺ کے بعد لوگوں میں سب سے افضل کون ہے؟ انہوں نے کہا: سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ۔ میں نے کہا: انکے بعد کون؟ انہوں نے کہا: رک جاؤ۔ میں نے کہا: اے ابو عبد اللہ آپ امام ہیں جنکی میں دین میں اقتداء کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا: سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ پھر سیدنا عثمانؓ۔
(السنة لأبي بكر بن الخلال: جلد 2 صفحہ 401 رقم 585)
اسکی سند بوجہ مجھول رواۃ کے ضعیف ہے۔ کتاب کے محقق د. عطیہ الزہرانی کہتے ہیں:
في إسناده من لم أتوصل إلى تراجمهم
اسکی سند میں ایسے راوی ہیں جنکے تراجم تک میں نہیں پہنچ سکا۔
(السنة لأبي بكر بن الخلال: جلد 2 صفحہ 401 رقم 585)
یہی معاملہ ہمارا ہے کہ ہم بھی تلاش کے باوجود اس سند کے رواۃ کے تراجم تک نہیں پہنچ سکے۔ نیز یہ روایت المدونہ کی روایت کے بھی مخالف ہے کیونکہ اس میں امام مالکؒ نے سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان فضیلت قائم کی ہے جبکہ المدونہ کی روایت میں انہوں نے اہل مدینہ کے عمل کو حجت بنایا کہ وہ جنکی اقتداء کرتے ہیں وہ سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ میں سے کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت نہیں دیتے تھے۔
اسی طرح امام ابو الفضل قاضی عیاضؒ (المتوفی 544ھ) لکھتے ہیں:
قال أشهب كنا عند مالك إذ وقف عليه رجل من العلويين وكانوا يقبلون على مجلسه فناداه يا أبا عبد الله فأشرف له مالك ولم يكن إذا ناداه أحد يجيبه أكثر من أن يشرف برأسه
فقال له الطالبي إني أريد أن أجعلك حجة فيما بيني وبين الله، إذا قدمت عليه فسألني قلت مالك قال لي.
فقال له قل قال من خير الناس بعد رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ قال أبو بكر قال العلوي ثم من؟ قال مالك ثم عمر.
قال العلوي ثم من؟ قال الخليفة المقتول ظلما عثمان.
قال العلوي والله لا أجالسك أبدا.
قال له مالك فالخيار لك
اشہب کہتے ہیں: ہم امام مالکؒ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ علویوں میں سے ایک شخص آپکے پاس آکھڑا ہوا، اور وہ لوگ انکی مجلس میں آیا کرتے تھے۔ اس شخص نے آواز دی کہ اے ابو عبد اللہ ۔ امام مالکؒ نے اس کی طرف اپنا سر اٹھا کر دیکھا۔ آپ کا معمول یہ تھا کہ جب کوئی آپ کو آواز دیتا تو آپ جواب میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کرتے تھے کہ اپنا سر اٹھا کر اس کی طرف دیکھ لیتے تھے۔
پھر اس طالبی نے ان سے کہا: میں چاہتا ہوں کہ آپکو اپنے اور اللہ تعالی کے درمیان حجت بنا لوں، تاکہ جب میں اللہ کے حضور پیش ہوں اور وہ مجھ سے سوال کرے تو میں کہوں کہ مالک نے مجھے یہ کہا تھا۔
امام مالکؒ نے اس سے کہا: کہو۔
اس نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے بعد سب سے بہتر کون ہے؟ انہوں نے کہا: سیدنا ابو بکرؓ۔ علوی نے کہا: انکے بعد کون؟ امام مالکؒ نے کہا: پھر سیدنا عمرؓ۔
علوی نے کہا: انکے بعد کون؟انہوں نے کہا: وہ خلیفہ جسے ظلم کے ساتھ قتل کیا گیا، سیدنا عثمانؓ۔
علوی نے کہا: اللہ کی قسم، میں آپکے پاس کبھی نہیں بیٹھونگا۔
امام مالکؒ نے اس سے کہا: پس اختیار تو تمہارا ہے۔
(ترتيب المدارك وتقريب المسالك: جلد 2 صفحہ 45)
اسی طرح مزید نقل کرتے ہیں کہ:
وفي رواية أبي مصعب سئل مالك من أفضل الناس بعد رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ وقال مالك أبو بكر ثم قال ثم من؟ قال عمر ثم قال ثم من؟
قال عثمان.
قيل ثم قال ها هنا وقف الناس.
هؤلاء خيرة رسول الله صلى الله عليه وسلم أمر أبا بكر على الصلاة واختار أبو بكر عمر وجعلها عمر إلى ستة فاختاروا فوقف الناس ها هنا.
زاد في رواية وليس من طلب الأمر كمن لا يطلبه
اور ابو مصعب کی روایت میں ہے کہ امام مالکؒ سے سوال کیا گیا کہ رسول اللہ ﷺ کے بعد لوگوں میں سب سے افضل کون ہے؟ اور امام مالکؒ نے کہا: سیدنا ابو بکرؓ۔ پھر پوچھا گیا: انکے بعد کون؟ انہوں نے کہا: سیدنا عمرؓ، پھر پوچھا گیا: انکے بعد کون؟ انہوں نے کہا: سیدنا عثمانؓ۔
کہا گیا: یہیں آکر لوگوں نے توقف کیا۔ یہی رسول اللہ ﷺ کے منتخب صحابہ تھے۔ آپؐ نے نماز کیلیے سیدنا ابو بکرؓ کو حکم دیا۔ اور سیدنا ابو بکرؓ نے سیدنا عمرؓ کو منتخب کیا۔ اور سیدنا عمرؓ نے اسے چھ افراد کے سپرد کیا تو انہوں نے انتخاب کرلیا۔چناچہ لوگوں نے یہی توقف کرلیا۔
اور روایت میں مزید ہے: اور جو شخص اقتدار طلب کرے وہ اس شخص جیسا نہیں ہے جو اسے طلب نہ کرے۔
(ترتيب المدارك وتقريب المسالك: جلد 2 صفحہ 45 و 46)
اسی طرح مزید بیان کرتے ہیں:
وفي رواية ابن وهب أفضل الناس أبو بكر وعمر قلت ثم من؟ فأمسك.
قلت إني امرؤ أقتدي بك في ديني فقال وعثمان في رواية أبي مصعب ثم استوى الناس
اور ابن وہب کی روایت میں ہے: لوگوں میں سب سے افضل سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ ہیں۔ میں نے کہا: انکے بعد کون؟ تو وہ خاموش ہوگئے۔
میں نے کہا: میں ایسا شخص ہوں جو دین میں آپکی اقتداء کرتا ہے۔ تو انہوں نے کہا: اور سیدنا عثمانؓ۔
ابی مصعب کی روایت میں ہے کہ پھر لوگ برابر ہوگئے۔
(ترتيب المدارك وتقريب المسالك: جلد 2 صفحہ 46)
یہاں قاضی عیاض m کے ذکر کردہ اقوال امام مالکؒ سے تین رواۃ کے واسطے سے مروی ہوئے ہیں۔
سب سے پہلے ہم ابن وہب سے مروی قول کی طرف دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ امام خلالؒ کے یہاں باسند نقل ہوا ہے اور اسکی سند ضعیف اور غیر ثابت ہے، جیسا کہ ہم نے امام ابو بکر الخلالؒ سے اسے نقل کرتے ہوئے بیان کیا ہے۔
اسكے برعكس امام ابن رشد الجد المالکیؒ (المتوفی 520ھ) ابن وہب کے قول کو نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
قال: وسألت مالكا عن خير هذه الأمة بعد نبيها، فقال: أبو بكر، أو في ذلك شك؟ قد أمره رسول الله- صلى الله عليه وسلم - بالصلاة ومعه غيره، وأمره على الحج ومعه غيره. قال: وسألت مالكا مخليا أنا وابن وهب عن التفضيل بين علي وعثمان، فقال: ما أدركت أحدا ممن أقتدي به إلا يكف عن ذلك، يريد التفضيل بينهما. فقلت لمالك: فأبو بكر وعمر؟ قال ليس في ذينك شك، يريد ليس في تفضيلهما على جميع أصحاب النبي- صلى الله عليه وسلم - والناس بعد رسول الله- صلى الله عليه وسلم - شك
کہا، اور میں نے امام مالکؒ سے سوال کیا کہ نبی ﷺ کے بعد اس میں سب سے بہتر کون ہے؟ انہوں نے کہا: سیدنا ابو بکرؓ یا اس میں کوئی شک ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے انہیں نماز کیلیے مقرر کیا جبکہ انکے ساتھ دیگر لوگ بھی موجود تھے، اور انہیں حج کیلیے مقرر کیا جبکہ انکے ساتھ دیگر لوگ موجود تھے۔
کہا، اور جب میں اور ابن وہب امام مالکؒ کے ساتھ تنہائی میں تھے تو ان سے سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان تفضیل کے متعلق سوال کیا۔ چناچہ انہوں نے کہا: میں جن کی اقتداء کرتا ہوں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں پایا مگر یہ کہ وہ اسکے متعلق توقف کرتا تھا۔ انکی مراد انکے درمیان تفضیل سے تھی۔ چناچہ میں نے امام مالکؒ سے کہا: اور سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ؟ انہوں نے کہا: ان دونو کے متعلق کوئی شک نہیں ہے، انکی مراد یہ تھی کہ ان دونو کو نبی ﷺ کے تمام صحابہ اور رسول اللہ ﷺ کے بعد تمام لوگوں پہ فضیلت دینے میں کوئی شک نہیں ہے۔
(البيان والتحصيل: جلد 18 صفحہ 458)
امام ابن رشدؒ کا نقل کردہ یہ کلام صاف واضح ہے کہ امام مالکؒ کا قول شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ تک تفضیل کو روکنے کا نہیں ہے، بلکہ ابن قاسمؒ کے مطابق ابن وہب نے بھی امام مالکؒ سے وہی قول سنا ہے جو شیخین کی فضیلت کے متعلق ہے اور شیخین کے بعد سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان تفضیل میں توقف کرنے کا قول ہے۔ امام مالکؒ نے یہاں بھی اپنے اساتذہ یعنی اہل مدینہ کے علماء کا یہی موقف بیان کیا ہے۔ لہزا ابن وہب کا وہ قول جس میں وہ شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ کی تفضیل بیان کرکے توقف کرتے ہیں ، وہ غلط اور غیر ثابت ہے۔
اسکے بعد جہاں تک ابو مصعب اور اشہب سے مروی مندرجہ بالا اقوال کی بات ہے تو یہ دونو اقوال مجھے قاضی عیاض کے علاوہ کہیں اور نہیں ملے۔ لہزا یہ اقوال ابن القاسمؒ اور ابن وہبؒ سے مروی قول کی مخالفت کی وجہ سے اور بےسند ہونے کی وجہ سے امام مالکؒ سے ثابت نہیں ہوتے۔
اسکے علاوہ دیگر مالکی آئمہ نے بھی اس قول کی نسبت امام مالکؒ کی جانب نہیں کی بلکہ وہ اس سے اختلاف کرتے ہیں اور اسکے برعکس پہلے ذکر کیے گئے قول کہ سب سے افضل شیخین اور پھر سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان توقف اور مندرجہ ذیل تیسرے قول کو ہی امام مالکؒ کی جانب منسوب کرتے ہیں۔
امام مالکؒ سے بہت سے ایسے اقوال بعد کی مختلف کتب میں مروی ہوئے ہیں جو ان سے ایک تو ثابت نہیں نیز دوسرا وہ مالکی آئمہ کے نزدیک بھی درست نہیں اور اسی طرح تیسرا یہکہ وہ قول بہت بعد میں جاکر ظاہر ہوتے ہیں اور دیگر آئمہ بشمول مالکی آئمہ بھی ان سے لاعلم رہتے ہیں۔ یہ اقوال انہیں کی بہترین مثال ہیں۔
3۔ سب سے افضل سیدنا ابو بکرؓ، پھر سیدنا عمرؓ، پھر سیدنا عثمانؓ اور پھر سیدنا علیؑ کو قرار دینا۔
امام ابو بکر ابن یونس الصقلیؒ (المتوفی 451ھ) کہتے ہیں:
وروى عنه أيضا: أن أفضل الصحابة رضي الله عنهم أبو بكر ثم عمر ثم عثمان ثم علي
اور ان (امام مالکؒ) سے یہ بھی مروی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے افضل سیدنا ابو بکرؓ پھر سیدنا عمرؓ پھر سیدنا عثمانؓ پھر سیدنا علیؓ ہیں۔
(الجامع لمسائل المدونة: جلد 23 صفحہ 996)
امام ابو الولید محمد ابن رشد القرطبیؒ (المتوفی 520ھ) کہتے ہیں:
الذي عليه أهل الخير والدين والفضل أن أفضل الناس بعد النبي- صلى الله عليه وسلم - أبو بكر الصديق، ثم عمر بن الخطاب، ثم عثمان بن عفان، ثم علي بن أبي طالب، بدليل اجتماع أهل الشورى على تقديم عثمان على علي في الخلافة، وهو مذهب مالك على ما روي عنه في ذلك أيضا، خلاف ما تدل عليه هذه الرواية من أن مذهبه التوقيف عن التفضيل بين عثمان وعلي، وليس ذلك بصريح
وہ موقف جس پہ اہل خیر، اہل دین اور اہل فضل قائم ہیں یہ ہے کہ نبی ﷺ کے بعد لوگوں میں سب سے افضل سیدنا ابو بکرؓ الصدیق انکے بعد سیدنا عمرؓ بن الخطاب انکے بعد سیدنا عثمانؓ بن عفان اور انکے بعد سیدنا علی بن ابی طالبؓ ہیں، اس دلیل کے ساتھ کہ خلافت میں اہل شوری کا سیدنا علیؓ پہ سیدنا عثمانؓ کی تقدیم پہ اتفاق ہوگیا۔ یہی امام مالکؒ کا مذہب ہے جیسا کہ اس بارے میں بھی ان سے روایت کیا گیا ہے۔ جو اسکے خلاف ہے کہ جو اس روایت پہ دلالت کرتا ہے کہ انکا مذہب سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؑ کے درمیان تفضیل میں توقف کرنا ہے۔ اور وہ صریح نہیں ہے۔
(البيان والتحصيل: جلد 18 صفحہ 458)
اسکے علاوہ امام ابن رشدؒ ایک اور مقام پہ کہتے ہیں:
والحق أن أفضل الصحابة أبو بكر، ثم عمر، ثم عثمان، ثم علي - رضي الله عنهم أجمعين - وقد روي هذا عن مالك، وروي عنه أيضا الوقوف عن تفضيل بعضهم على بعض. وروي عنه أيضا تفضيل أبي بكر على عمر، ثم الوقوف عن المفاضلة بين علي وعثمان، والأول هو الذي يعتمد عليه من مذهبه - والله أعلم
اور حق یہ ہے کہ صحابہ میں سب سے افضل سیدنا ابو بکر، پھر سیدنا عمر، پھر سیدنا عثمان، پھر سیدنا علی رضی اللہ عنہم اجمعین ہیں۔ اور یہی امام مالکؒ سے بھی مروی ہے۔ اور ان سے یہ بھی مروی ہے کہ وہ بعض کو بعض پہ فضیلت دینے میں توقف کرتے تھے، اور ان سے یہ بھی مروی ہے کہ وہ سیدنا ابو بکرؓ کو سیدنا عمرؓ پہ فضیلت دیتے تھے پھر سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان توقف کرتے تھے۔ پہلا موقف وہی ہے جس پر انکے مذہب میں اعتماد کیا جاتا ہے۔ اور اللہ بہتر جانتا ہے۔
(البيان والتحصيل: جلد 2 صفحہ 228)
اسی طرح امام ابو العباس احمد بن ادریس القرافیؒ (المتوفی 684ھ) کہتے ہیں:
وأن أفضلهم أبو بكر ثم عمر ثم عثمان ثم علي وقيل ثم عثمان وعلي ولا يفضل بينهما وروي عن مالك القولان
اور ان میں سب سے افضل سیدنا ابو بکرؓ پھر سیدنا عمرؓ پھر سیدنا عثمانؓ پھر سیدنا علیؓ ہیں، اور کہا گیا:پھر سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؓ ہیں اور ان دونو کے درمیان فضیلت بیان نہیں کی جاتی۔ امام مالکؒ سے دونو اقوال روایت ہوئے ہیں۔
(الذخيرة للقرافي: جلد 13 صفحہ 233)
یہی بات امام ابن قیم الجوزیہؒ (المتوفی 751ھ) بیان کرتے ہیں:
(اجتماع الجيوش الإسلامية - ت المعتق: جلد 2 صفحہ 154)
اور ان دونو سے بہت پہلے یہی بات امام ابن ابی زید القیروانی المالکیؒ (المتوفی 386ھ) نے بھی نقل کی ہے۔
(الجامع في السنن والآداب والمغازي والتاريخ: صفحہ 115)
اسی طرح امام ابن تیمیہؒ (المتوفی 728ھ) سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؑ کے درمیان زیادہ افضل کون ہے، اسکی بحث میں کہتے ہیں:
وأما جمهور الناس ففضلوا عثمان، وعليه استقر أمر أهل السنة، وهو مذهب أهل الحديث، ومشايخ الزهد والتصوف، وأئمة الفقهاء: كالشافعي وأصحابه، وأحمد وأصحابه، وأبي حنيفة وأصحابه، وإحدى الروايتين عن مالك وعليها أصحابه
اور جہاں لوگوں کی اکثریت کا تعلق ہے تو وہ سیدنا عثمانؓ کو فضیلت دیتے ہیں، اور اسی پہ اہل سنت کا معاملہ استوار ہوا ہے، اور یہی اہل الحدیث (محدثین) اور زہد و تصوف کے مشائخ اور آئمہ فقہاء کا مذہب ہے۔جیسے کہ امام شافعیؒ اور انکے اصحاب، امام احمد بن حنبلؒ اور انکے اصحاب، امام ابو حنیفہؒ اور انکے اصحاب، اور امام مالکؒ سے دو روایتوں میں ایک یہی ہے اور اسی پہ انکے اصحاب ہیں۔
(منهاج السنة النبوية: جلد 8 صفحہ 224)
امام ابن تیمیہؒ ہی کے جیسے امام ابن عبد البر المالکیؒ (المتوفی 463ھ) بھی کلام کرتے ہیں، کہ امام مالکؒ کے دو اقوال ہیں، اول کہ شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؑ کے درمیان تفضیل میں توقف کرنا اور دوسرا قول یہکہ شیخین کے بعد سیدنا عثمانؓ کو افضل قرار دینا اور پھر سیدنا علیؑ کو تمام صحابہ کرام سے افضل قرار دینا۔
(الاستيعاب في معرفة الأصحاب: جلد 3 صفحہ 1117)
اسی طرح امام ابن عبد البرؒ دوسرے مقام سیدنا ابن عمرؓ سے مروی روایت کی تعلیل کرتے ہوئے اس پہ اجماع نقل کرتے ہیں کہ سیدنا علی المرتضیؑ تفضیل میں بھی چوتھے نمبر پہ ہیں۔
(لا يختلفون في أن عليا في التفضيل رابع الأربعة: جلد 5 صفحہ 108)
جس سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ امام ابن عبد البر مالکیؒ کے نزدیک امام مالکؒ کا کونسا قول راجع ہے، اور یہ بھی معلوم ہوا کہ مالکی آئمہ کے نزدیک امام مالکؒ کے کونسے اقوال درست ہیں۔
امام مالکؒ سے تفضیل کے مسئلے میں مزید بھی مختلف اقوال ملتے ہیں۔
4۔ سیدنا حمزہ کی افضلیت کا قول:
امام قاضی عیاضؒ (المتوفی 544ھ) لکھتے ہیں:
وقال البزاز سألت أبا عاصم النبيل عن التقدمة في السلف.
قال حمزة وجعفر.
قلت إنما نحن في العشرة فسكت ثم قال: كان مالك يقدم حمزة
اور بزاز نے کہا: میں نے ابو عاصل النبیل سے سلف میں مقدم رکھنے کے متعلق سوال کیا۔ انہوں نے کہا: سیدنا حمزہؓ اور سیدنا جعفرؓ۔
میں نے کہا: دراصل ہم ان دس افراد کے متعلق بات کررہے ہیں۔ تو وہ خاموش ہوگئے پھر کہا: امام مالکؒ سیدنا حمزہؓ کو مقدم کرتے تھے۔
(ترتيب المدارك وتقريب المسالك: جلد 2 صفحہ 46)
5۔ سیدہ فاطمہ الزہرا g کی افضلیت کا قول:
امام عبد الرحمن بن ابی بکر السیوطیؒ (المتوفی 911ھ) کہتے ہیں:
ونقل عن مالك أنه قال: لا أفضل على بضعة من النبي صلى الله عليه وآله وسلم أحدا۔
اور امام مالکؒ سے نقل کیا گیا ہے کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے ٹکڑے (سیدہ فاطمہؑ) پہ کسی کو بھی فضیلت نہیں دیتا۔
(أنموذج اللبيب في خصائص الحبيب: صفحہ 242)
6۔ صحابہ کرام میں سے کسی کو کسی پہ فضیلت نہ دینے کا قول:
امام ابن عبد البرؒ (المتوفی 463ھ) روایت کرتے ہیں:
وحدثنا عبد الوارث بن سفيان قال حدثنا قاسم بن أصبغ قال حدثنا أبو بكر بن أبي خيثمة قال حدثنا أحمد بن زهير بن حرب قال حدثنا عبد السلام بن صالح قال حدثنا عبد الله بن وهب قال سمعت مالكا يقول لا أفضل أحدا من العشرة ولا غيرهم على صاحبه وكان يقول هذا من علم الله الذي لا يعلمه غيره
قال وقال مالك أدركت شيوخنا بالمدينة وهذا رأيهم
اور مجھے عبد الوارث بن سفیان نے بیان کیا، کہا انہیں قاسم بن اصبغ نے بیان کیا، کہا کہ انہیں ابو بکر بن ابی خیثمہ نے بیان کیا، کہا کہ انہیں احمد بن زہیر بن حرب نے بیان کیا، کہا کہ انہیں عبد السلام بن صالح نے بیان کیا، کہا کہ انہیں عبد اللہ بن وہب نے بیان کیا کہ انہوں نے امام مالکؒ کو یہ کہتے ہوئے سنا:
میں عشرہ مبشرہ اور انکے علاوہ بھی کسی صحابی کو دوسرے پہ فضیلت نہیں دیتا۔ اور وہ کہتے تھے کہ یہ اللہ تعالی کے اس علم میں سے ہے جسے اسکے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔ اور امام مالکؒ نے کہا: میں نے مدینے میں اپنے مشائخ کو پایا اور یہی رائے انکی تھی۔
(الاستذكار: جلد 5 صفحہ 108)
میرے نزدیک اسکی بھی سند صحیح و ثابت نہیں ہے بلکہ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے اسکی سند میں غلطی واقع ہوئی ہے جیسے کہ ابو بکر بن ابی خیثمہ اس میں احمد بن زہیر بن حرب سے روایت کررہے ہیں جبکہ ابو بکر بن ابی خیثمہ ہی کا احمد بن زہیر بن حرب ہے تو ایک شخص خود اپنے آپ سے کسطرح روایت کرسکتا ہے؟ نیز انکے شیخ عبد السلام بن صالح پہ شدید جروحات موجود ہیں جسکی وجہ سے انکا تفرد قابل قبول نہیں رہتا۔ البتہ امام ابن عبد البرؒ نے اس روایت سے بھی دلیل لی ہے۔
اسی طرح امام ابن عبد البرؒ مزید بیان کرتے ہیں:
وذكر الزبير بن بكار قال حدثنا إسماعيل بن أبي أويس عن مالك بن أنس قال ليس من أمر الناس الذين مضوا التفضيل بين الناس
اور زبیر بن بکار نے ذکر کیا، کہا ہمیں اسماعیل بن ابی اویس نے بیان کیا کہ امام مالک بن انسؒ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: گزرے ہوئے لوگوں کا طریقہ یہ نہیں تھا کہ لوگوں کے درمیان (ایک کو دوسرے پہ) فضیلت دی جائے۔
(الاستذكار: جلد 5 صفحہ 109)
7۔ عشرہ مبشرہ صحابہ میں کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت نہ دینے کا قول:
امام ابن عبد البر المالکیؒ لکھتے ہیں:
وحدثنا عبد الوارث بن سفيان قال حدثنا قاسم بن أصبغ قال حدثنا أحمد بن زهير قال سمعت مصعب بن عبد الله الوليدي يقول لم يكن أحد من مشايخنا الذين أدركت ببلدنا يفضل بين أحد من العشرة لا مالك ولا غيره
اور مجھے عبد الوارث بن سفیان نے بیان کیا کہ انہیں قاسم بن اصبغ نے بیان کیا کہ انہیں احمد بن زہیر نے بیان کیا کہ انہوں نے مصعب بن عبد اللہ الولیدی کو یہ کہتے ہوئے سنا:
ہمارے شہر میں جن مشائخ کو ہم نے پایا ہے ان میں سے کوئی ایک بھی عشرہ مبشرہ میں سے کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت نہیں دیتا تھا۔ نہ امام مالکؒ اور نہ کوئی اور۔
(الاستذكار: جلد 5 صفحہ 110)
اسکی سند صحیح ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فلہال ہم اختصار کے پیش نظر اسی پہ اکتفاء کرتے ہیں۔
مندرجہ بالا تمام تحقیق سے معلوم ہوا کہ امام مالکؒ سے تفضیل کے مسئلے میں مندرجہ ذیل اقوال مروی ہیں، جنکا خلاصہ یہ ہے۔
1۔ سب سے افضل شیخینؓ اور انکے بعد سیدنا علیؑ اور سیدنا عثمانؓ کے درمیان توقف۔
2۔ سب سے افضل شیخینؓ اور انکے بعد سیدنا عثمانؓ افضل اور پھر توقف۔
3۔ سب سے افضل شیخینؓ اور انکے بعد سیدنا عثمانؓ اور انکے بعد سیدنا علیؓ۔
4۔ سب سے افضل سیدنا حمزہؓ۔
5۔ سب سے افضل سیدہ فاطمہ الزہراؓ۔
6۔ عشرہ مبشرہؓ میں کسی ایک کو کسی دوسرے پہ فضیلت نہ دینا۔
7۔ تمام صحابہ کرامؓ میں کسی ایک کو دوسرے پہ فضیلت نہ دینا۔
ان تمام اقوال میں سے مالکی اور دیگر آئمہ نے صرف دو اقوال کی نسبت امام مالکؒ کی جانب درست قبول کی ہے، جوکہ پہلا اور تیسرا قول ہے۔
دوسرا قول کسی صحیح سند سے امام مالکؒ سے مروی نہیں اور نہ ہی مالکی اور دیگر آئمہ نے انکی نسبت امام مالکؒ کی جانب درست مانی ہے، انہیں صرف قاضی عیاضؒ نے نقل کیا ہے اور ان تک یہ بات چند سو سال گزرنے کے بعد کیسے کس ذریعے پہنچی، اسکا کوئی علم نہیں۔ نیز یہ روایات دیگر روایات جو امام مالکؒ سے صحیح ثابت ہیں انکی مخالفت کرتی ہیں جوکہ مزید اس طرف دلالت کرتی ہیں کہ یہ معلول اور غیر ثابت روایات ہیں جنہیں امام مالکؒ کی جانب غلط منسوب کیا گیا ہے۔ واللہ اعلم بالصواب۔
چوتھے قول کا معاملہ بھی وہی ہے کہ یہ بھی امام مالکؒ سے ثابت نہیں۔
پانچویں قول کا معاملہ یہ ہے کہ اسے سب سے پہلے امام مالکؒ کی جانب منسوب کرکے نقل کرنے والے شخص امام سیوطیؒ ہیں، ان سے پہلے انکی نسبت امام مالکؒ کی جانب کسی نے نہیں کی، جوکہ اس بات کی صریح دلیل ہے کہ یہ قول امام مالکؒ کی جانب غلط منسوب ہوا ہے، اس پہ ہم نے ایک الگ تحریر لکھ رکھی ہے۔
چھٹے قول کی سند میرے ناقص علم کے مطابق صحیح ہے۔
ساتویں قول کی سند ضعیف ہے، اور امام مالکؒ سے یہ قول میرے ناقص علم کے مطابق ثابت نہیں۔
لہزا امام مالکؒ سے صرف تین اقوال پایہ ثبوت کو پہنچتے ہیں، جن میں سے ایک کے ثبوت کیلیے ہم نے مالکی اور دیگر آئمہ کا اسے قبول کرنا دلیل سمجھا ہے، اگر اس سے اختلاف کیا جائے تو امام مالکؒ سے صرف دو ہی اقوال ثابت ہوتے ہیں اور وہ دونو جمہور اہل سنت کے موقف کے خلاف ہیں یعنی وہ دونو اقوال تفضیل کو خلافت کی ترتیب پہ بیان نہیں کرتے۔
مالکی آئمہ کے نزدیک درست موقف:
اگرچہ مندرجہ بالا نقول اس بات کو بیان کرنے کیلیے کافی ہیں مگر پھر بھی ہم مناسب سمجھتے ہیں کہ مزید اقوال اس پہ صراحت کے ساتھ نقل کردیں تاکہ کسی فتنہ پرور انسان کے پاس کوئی بہانہ باقی نہ رہے۔
امام ابو محمد ابن ابی زید القیروانیؒ (المتوفی 386ھ) جنہیں مالک الصغیر بھی کہا جاتا ہے، کہتے ہیں:
وأفضل الصحابة الخلفاء الراشدون المهديون أبو بكر ثم عمر ثم عثمان ثم علي رضي الله عنهم أجمعين
اور صحابہ کرام میں سب سے افضل خلفاء راشدین مہدین ہیں، سیدنا ابو بکر پھر سیدنا عمر پھر سیدنا عثمان پھر سیدنا علی رضی اللہ عنہم اجمعین۔
(الرسالة للقيرواني: صفحہ 9)
امام ابن عبد البرؒ (المتوفی 463ھ) کہتے ہیں:
جماعة أهل السنة وهم أهل الفقه والآثار على تقديم أبي بكر وعمر وتولي عثمان وعلي وجماعة أصحاب النبي عليه السلام وذكر محاسنهم ونشر فضائلهم والاستغفار لهم وهذا هو الحق الذي لا يجوز عندنا خلافه والحمد لله
اہل سنت کی جماعت اور وہ اہل فقہ اور اہل آثار ہیں، سیدنا بو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ کو مقدم رکھنے، سیدنا عثمانؓ اور سیدنا علیؓ اور نبی علیہ السلام کے صحابہ کی جماعت سے موالات رکھنے، نیز انکی خوبیاں ذکر کرنے، انکے فضائل کو نشر کرنے، اور انکے لیے استغفار کرنے پہ ہے۔ اور یہی حق ہے جسکی مخالفت کرنا ہمارے نزدیک جائز نہیں۔ اور تمام تعریفیں اللہ ہی کیلیے ہیں۔
(الاستذكار: جلد 5 صفحہ 110)
امام ابن رشد الجد المالكیؒ (المتوفی 520ھ) کہتے ہیں:
وأن أفضل أصحابه الخلفاء الراشدون المهديون أبو بكر الصديق، ثم عمر بن الخطاب، ثم عثمان بن عفان، ثم علي بن أبي طالب
اور صحابہ کرام میں سب سے افضل خلفاء راشدین مہدین ہیں، سیدنا ابو بکر الصدیقؓ پھر سیدنا عمر بن الخطابؓ، پھر سیدنا عثمان بن عفانؓ، پھر سیدنا علی بن ابی طالبؓ ہیں۔
(المقدمات الممهدات: جلد 3 صفحہ 391)
امام ابو الفضل قاضی عیاضؒ (المتوفی 544ھ) کہتے ہیں:
والمشهور عن مالك وسفيان، وكافة أئمة الحديث والفقهاء، وكثير من المتكلمين ترتيب الأربعة فى الفضل حسب ترتيبهم فى الخلافة
اور امام مالکؒ اور امام سفیانؒ سے، اور تمام آئمہ حدیث اور فقہاء اور کثیر متکلمین سے مشہور ہے کہ چاروں کی افضلیت کی ترتیب بھی خلافت کے ترتیب کے حساب سے ہے۔
(إكمال المعلم بفوائد مسلم: جلد 7 صفحہ 382)
امام ابو العباس احمد بن احمد زروقؒ (المتوفی 899ھ) کہتے ہیں:
والتحقيق أن الخلفاء الأربع في الفضل على مراتبهم في الخلافة قال ابن رشد وهو المعمول به من قول مالك
اور تحقیق یہ ہے کہ چاروں خلفاء کی فضیلت کے اعتبار سے خلافت کی ترتیب پہ ہیں۔ امام ابن رشدؒ نے کہا: امام مالکؒ کے قول میں سے اسی پہ عمل کیا جاتا ہے۔
(شرح زروق على متن الرسالة: جلد 1 صفحہ 85)
فلہال اختصار کے پیش نظر اتنے حوالہ جات یہ بات واضح کیلیے کافی ہیں کہ مالکی آئمہ کے نزدیک بھی امام مالکؒ کا وہی قول معتبر ہے اور اسی پہ عمل کیا جاتا ہے جس میں انہوں نے چاروں خلفاء راشدین کی افضلیت کو انکی خلافت کی ترتیب کے مطابق بیان کیا ہے۔ اور یہی مالکی فقہ کا عمومی موقف ہے۔
ہذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب۔
از قلم: ابو الحسنین ڈاکٹر شہزاد احمد آرائیں۔

Post a Comment