کیا حدیث رسولؐ کے مطابق بکری جنتی جانور ہے؟

﴿کیا حدیث رسول ﷺ کے مطابق بکری جنتی جانور ہے؟﴾

امام ابو بکر البزارؒ (المتوفی 292ھ) لکھتے ہیں:

حدثنا محمد بن الليث الهدادي، قال: حدثنا خالد بن مخلد، قال: حدثنا يزيد بن عبد الملك، عن داود بن فراهيج، عن أبي هريرة؛ أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: ‌أكرموا ‌المعزى ‌وامسحوا ‌رعامها ‌فإنها ‌من ‌دواب ‌الجنة.

وهذا الحديث لا نعلم رواه عن داود، عن أبي هريرة إلا يزيد بن عبد الملك النوفلي وليس هو بالحافظ، وإن كان قد روى عنه جماعة كثيرة

سیدنا ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بکری کی عزت کرو، اسکے منہ سے مٹی جھاڑو کیونکہ وہ جنت کے جانوروں میں سے ہے۔

اور اس حدیث کو ہم عن داؤد عن ابی ہریرۃ کی روایت سے نہیں جانتے سوائے یزید بن عبد الملک النوفلی کے اور وہ حافظ نہیں ہے۔ اور اس روایت کو اس سے ایک کثیر جماعت نے روایت کیا ہے۔

(مسند البزار: جلد 15 صفحہ 280 رقم 8771)

اسکی سند ضعیف جدا ہے۔ یزید بن عبد الملک النوفلی بھی ضعیف راوی ہے اور داؤد بن فراہیج بھی ضعیف ہے۔ خالد بن مخلد بھی ضعیف ہے مگر شواہد و متابعات میں قبول کیا جاسکتا ہے۔ اسکے علاوہ محمد بن اللیث مجھول ہے۔

امام ابن ماجہؒ (المتوفی 273ھ) لکھتے ہیں:

حدثنا عصمة بن الفضل النيسابوري ومحمد بن فراس أبو هريرة الصيرفي، قالا: حدثنا حرمي بن عمارة، حدثنا زربي إمام مسجد هشام بن حسان، حدثنا محمد بن سيرين عن ابن عمر، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "الشاة من دواب الجنة”

سیدنا ابن عمرؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بکری جنت کے جانوروں میں سے ہے۔

(سنن ابن ماجہ: رقم 2306)

اسکی سند بھی ضعیف ہے۔ زربی ضعیف راوی ہے۔

خلاصہ كلام یہکہ میری تحقیق میں یہ بکری کے جنتی ہونے کی تمام مرفوع روایات غیر ثابت ہیں، صحیح بات یہکہ یہ سیدنا ابو ہریرہؓ کا اپنا قول ہے، اسے امام مالکؒ نے باسند صحیح اپنی موطا میں روایت کیا ہے۔ روایت طویل ہے تو مختصرا مطلوبہ متن نقل کررہا ہوں:

قال: يا ابن أخي أحسن إلى غنمك. وامسح الرعام عنها. وأطب مراحها. وصل في ناحيتها ‌فإنها ‌من ‌دواب ‌الجنة

سیدنا ابو ہریرہؓ کہتے ہیں: اے میرے بھتیجے اپنی بکریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرو، ان پر سے ناک بہنے کی بیماری کو دور کرو، انکے رہنے کی جگہ کو صاف کرو اور اسی کے ایک کونے میں نماز پڑھو کیونکہ یہ جنت کے جانوروں میں سے ہے۔

(موطأ مالك - رواية يحيى - ت الأعظمي: جلد 5 صفحہ 1366 رقم 3444، وسندہ صحیح)

سیدنا ابو ہریرہؓ کے سند سے یہ روایت مرفوع بھی روایت کی گئی ہے مگر مرفوع محفوظ نہیں، امام بیہقیؒ نے مرفوعا نقل کرکے پھر اس پہ موقوف صحیح ہونے کا کلام کیا ہے:

(السنن الكبرى البيهقي - ط العلمية: جلد 2 صفحہ 630 رقم 4359)

لہزا میری تحقیق میں یہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان نہیں ہے بلکہ سیدنا ابو ھریرہؓ کا قول ہے لہزا اسے مرفوعا حدیث کہہ کر بیان نہ کریں۔

والسلام: ابو الحسنین شہزاد احمد آرائیں